بسم اللہ الرحمن الرحیم

شہزادی کونین مادر حسنین(علیہما السلام) حضرت فاطمہ زہرا(علیہا السلام) کی ولادت با سعادت تمام مسلمین کو مبارک ہو۔

حضرت فاطمہ(علیہا السلام) کہ  جنکا معروف نام فاطمۃ الزہراء (علیہا السلام) ہے  اللہ کے رسول حضرت ختمی مرتبت  محمد مصطفی اور جناب خدیجہ بنت خویلد کی بیٹی ہیں۔

آپ کی ولادت با سعادت ۲۰ جمادی الثانیہ بروز جمعہ بعثت کے پانچویں سال میں مکہ مکرمہ میں ہوئی۔ آپ کی شادی امام علی بن ابی طالب (علیہ السلام)سے ہوئی جن سے آپ کے دو بیٹے امام حسن(علیہ السلام) اور امام حسین(علیہ السلام) اور دو بیٹیاں حضرت زینب(علیہا السلام) اور جناب ام کلثوم (علیہا السلام) ہوئیں۔ 

حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت:
امام حسن عسکری (علیہ السلام)  رسول اللہ ﷺ سے نقل فرماتے ہیں کہ جب اللہ تعالی نے  حضرت آدم(علیہ السلام) اور  حضرت حوا(علیہا السلام) کو جنت میں خلق کیا تو دونوں نے اپنے اوپر فخر کیا اور حضرت آدم (علیہ السلام) نے جناب حوا(علیہا السلام) سے فرمایا کہ خداوند عالم نے ہم سے بہتر کسی کو خلق نہیں کیا۔

خداوند عالم نے  جبرائیل(علیہ السلام) کو حکم دیا کہ میرے بندہ آدم (علیہ السلام) کو فردوس اعلیٰ لے جاو، جیسے ہی آدم(علیہ السلام) اس بلند مقام پر پہنچے وہاں ایک خاتون کو دیکھا جو بہترین محل میں بیٹھی ہیں، انکے سر پر نور کا تاج ہے اور کانوں میں نور کے گوشوارے ہیں اور انکے جمال کے نور نے بہشت بریں کو منور کر دیا ہے۔

حضرت آدم (علیہ السلام)نے جبرئیل(علیہ السلام) سے پوچھا کہ یہ کون ہیں؟ تو جواب دیا کہ یہ فاطمہ (سلام اللہ علیہا) میرے حبیب اور نبی محمدﷺ کی بیٹی ہیں کہ جو آپ کی نسل میں ہوں گی۔

حضرت آدم نے پوچھا کہ یہ تاج کیسا ہے؟

جبرائیل(علیہ السلام) نے بتایا کہ یہ انکے شوہر علی بن ابی طالب (علیہ السلام) ہیں۔

رسول اکرم ﷺ نے حضرت فاطمہ(علیہا السلام) کی عظمت کو یوں بیان فرمایا:

بی بی دو عالم(علیہا السلام) کا مرتبہ اتنابلند ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ میری بیٹی جس سے راضی ہو گئیں میں اس سے راضی ہو جاوں گا اور جس سے میں راضی ہوگا اس سے اللہ راضی ہو جائے گا  اور جس سے میری بیٹی ناراض ہوئیں اس سے میں ناراض ہوجاوں گا اور جس نے مجهے ناراض کیا اس نے اللہ کو ناراض کیا۔

ایک اور حدیث میں آنحضرتﷺ نے فرمایا:

قال رسول ‌الله ‌صلى‌الله‌عليه‎و‌آله‌وسلم: أمّا ابنَتي فاطمةُ فإنّها سيّدةُ نِساءِ العالَمينَ مِن الأوّلِينَ و الآخِرِينَ.

رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: لیکن میری بیٹی فاطمہ  اولین اور آخرین کے درمیان سیدہ نساء العالمین ہے۔

ہم اس پر مسرت موقع پر اللہ تبارک و تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ ہم سب کو حضرت فاطمہ زہرا (سلام اللہ  علیہا) کی معرفت کے ساتھ  انکی سیرت پر علم کرنے کی توفیق عطا ہو ۔